ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / خشک سالی سے نمٹنے کیلئے مرکز سے امداد پر زور،جمعہ کے روز ریاست کا کل جماعتی وفد مودی سے ملے گا

خشک سالی سے نمٹنے کیلئے مرکز سے امداد پر زور،جمعہ کے روز ریاست کا کل جماعتی وفد مودی سے ملے گا

Wed, 07 Dec 2016 12:24:24    S.O. News Service

بنگلورو۔6؍دسمبر(ایس او نیوز) ریاست میں خشک سالی سے نمٹنے کیلئے مرکزی حکومت سے فوری امداد کا مطالبہ کرنے کیلئے جمعہ کے دن ریاست کا ایک کل جماعتی وفد وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرے گا۔ وزیراعظم سے ملاقات کیلئے اس وفد نے پہلے ہی وقت مقرر کرلیا ہے۔ وزیر اعظم کے سکریٹریٹ کی طرف سے وزیر اعلیٰ سدرامیا کے سکریٹریٹ کو اطلاع دی گئی ہے کہ جمعہ کی صبح مسٹر مودی کرناٹک کے وفد سے ملاقات کریں گے۔اس وفد میں ریاستی لیجسلیچر کی تمام پارٹیوں کے لیڈران شامل رہیں گے۔ وفد وزیر اعظم سے مطالبہ کرے گا کہ ریاست میں سنگین خشک سالی کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوراً امداد جاری کی جائے ۔ وزیر اعظم کو بتایا جائے گا کہ گزشتہ 15 سال کے مقابلے کرناٹک میں اس بار خشک سالی کی صورتحال انتہائی سنگین ہے۔ اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے حکومت کی طرف سے جو کچھ ہوسکے کیا جارہا ہے، مرکزی حکومت کی طرف سے بھی اگر فوراً امداد مل جائے تو حالات سے نمٹنے میں کافی مدد ملے گی۔ وفد بتائے گا کہ خشک سالی سے متاثرہ تعلقہ جات میں پینے کے پانی ، جانوروں کے چارے کی فراہمی کیلئے اور فصلوں کے خسارہ کے سبب بدحال کسانوں کی امداد کیلئے کیا اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور ان کیلئے کتنا فنڈ درکار ہے۔ وزیراعلیٰ سدرامیا نے حالیہ بلگاوی لیجسلیچر اجلاس کے دوران وعدہ کیا تھا کہ اجلاس کے فوراً بعد ایک کل جماعتی وفد لے کر وہ دہلی جائیں گے تاکہ وزیر اعظم مودی سے ملاقات کرکے فوری امداد کا مطالبہ کیا جاسکے۔ اجلاس ختم ہوتے ہی سدرامیا نے اپنے اس وعدہ کو پورا کرتے ہوئے دفتر وزیر اعظم سے وقت طلب کرلیا ہے۔ اس معاملے پر ملاقات کیلئے وزیر اعظم کے دفتر نے بھی فوری طور پر وقت کا تعین کیا ہے۔ غالباً وفد میں وزیراعلیٰ سدرامیا کے علاوہ ریاستی وزراء ، اپوزیشن لیڈران جگدیش شٹر ، ایشورپا، کمار سوامی ، یڈیورپا اور دیگر شامل رہیں گے۔ 


Share: